نئی دہلی،14اگست؍ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان نے آج یہاں ایک اشتعال انگیز پیغام میں کہا کہ وہ اپنے یوم آزادی کو کشمیر کی ’’آزادی‘‘کے لئے وقف کرتا ہے اور وہ ریاست کی عوام کو سفارتی، سیاسی اور جذباتی سطح پر مکمل حمایت کرتا رہے گا ۔پاکستانی سفارت خانے میں ملک کے یوم آزادی کی تقریب کے انعقاد کے موقع پر ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے یہ تبصرے کئے ہیں۔ہندوستان نے کل جموں و کشمیر پر بات چیت کے پاکستان کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے پاکستانی حمایت یافتہ سرحد پار دہشت گردی کو ختم کرنے کا مطالبہ اٹھایاتھا۔باسط کا تبصرہ ایسے وقت آیاہے جب پاکستانی فورسز نے جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔باسط نے کہا کہ جہاں تک جموں و کشمیر کی بات ہے تو ہم اس سال کے یوم آزادی کو کشمیر کی آزادی کے لئے وقف کرتے ہیں،ہمارا یہ پختہ یقین ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کی قربانی بیکار نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بدامنی ختم ہونی چاہئے۔پاکستان جموں و کشمیر کی بہادر عوام کو سفارتی، سیاسی اور جذباتی سطح پراس وقت تک اپنی مکمل حمایت کرتا رہے گا جب تک انہیں خود ارادیت کا ان کا حق نہیں مل جاتا۔باسط نے کہا کہ چاہے جتنی بھی طاقت کا استعمال کیوں نہ کرلیا جائے لیکن جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی خواہشات کو دبایا نہیں جا سکے گا اور تحریک آزادی اپنے نتیجے پر پہنچے گی۔اپنے خطاب میں باسط نے کہا کہ پاکستان نے دو اختلافات کے پرامن حل اور عالمی مساوات کی بنیاد پر ہمیشہ سے ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جائزجدوجہدکو غیر اہم نہیں مانا جا سکتا اور نہ ہی اسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔باسط نے کہا کہ اس اختلاف کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی متعلقہ تجویز کی عمل آوری کو یقینی بنانے کی ذمہ داری بین الاقوامی برادری کی ہے۔ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ آج ہمارا ملک بہت سے چیلنجوں سے جوجھ رہا ہے لیکن کوئی بھی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی،جو لوگ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ ہمارے لوگ جو چاہے مسلم ہوں، ہندو ہوں یا سکھ ہوں، وہ ایک ساتھ ہیں اور پاکستان کی بہتری کے لئے وہ کوئی بھی قربانی دینے سے گریزنہیں کریں گے۔